ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / متنازعہ بیان دینے والے سنگھ پرچارک کے خلاف مقدمہ درج

متنازعہ بیان دینے والے سنگھ پرچارک کے خلاف مقدمہ درج

Sun, 05 Mar 2017 11:05:29  SO Admin   S.O. News Service

اجین، 4؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کیرالہ میں مبینہ بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کو لے کر متنازعہ بیان دینے والے راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کی اجین شہر ی اکائی کے سابق پرچارک چیف ڈاکٹر کندن چندراوت کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔مادھونگر تھانے کے انچارج ایم ایس پرمار نے ہفتہ کو بتایاکہ ڈاکٹر کندن چندراوت کے بیان پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے جمعہ کی رات کو دفعہ 505(عوامی امن کے تحلیل ہونے کے خدشہ اور طبقاتی کش مکش کی صورت حال پیدا ہونے کے آثار)کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے ۔قابل ذکرہے کہ ڈاکٹر چند راوت نے بدھ کو عوامی حقوق کمیشن کی جانب سے اجین میں منعقد احتجاجی مظاہرہ میں کہاتھاکہ ہندوؤں کے خون میں شیواجی جیسا جذبہ نہیں رہا،میں اعلان کرتا ہوں کہ جو بھی شخص کیرالہ کے وزیر اعلی کا سر کاٹ کرلائے گا۔ اس کو میں اپنا ایک کروڑ روپے کا مکان انعام میں دوں گا۔چند راوت کے اس بیان کے بعد سنگھ کی خوب کرکری ہوئی تھی، جس پر تمام عہدیداروں نے ڈاکٹر چندراوت کے بیان کو ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے یہاں تک کہا کہ یہ سنگھ کی زبان نہیں ہے۔ڈاکٹر چند راوت کے بیان پر بڑھتے ہوئے تنازعہ کے پیش نظر سنگھ نے جمعہ کو انہیں تمام ذمہ داریوں سے الگ کر دیا تھا،اب پولیس نے چند راوت کے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے۔


Share: